نئی دہلی،28؍جولائی(ایس او نیوز؍ایجنسی) ہندوستان کی تقریباً ہر ریاست سے ان دنوں کورونا انفیکشن کو لے کر بری خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ اس درمیان مرکزی وزیر صحت نے آج ایک اچھی خبر بھی سنائی۔ مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے منگل کو جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں 35175 افراد کورونا وائرس سے شفایاب ہوئے ہیں ، جس سے صحت مند افراد کی مجموعی تعدادبڑھ کر 952743 ہوگئی ہے۔ لیکن اس درمیان 654 افراد کی اس وبا سے موت بھی ہو گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے نئے کیسز کی تعداد بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے فعال کیسوں کی تعداد میں 11874 کا اضافہ ہوا اور ان کی تعداد 496988 ہوگئی، جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 33425 ہوگئی ہے۔
وزارت نے آج اپنی ویب سائٹ میں تبدیلی کرتے ہوئے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد نہیں بتائی ہے۔ سائٹ پر صرف فعال کیسز، وبا سے شفایا ب اورہلاک ہونے والوں کے اعداد و شمار دیئے گئے ہیں۔ ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ریاست مہاراشٹر ہے جہاں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صحت مند ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کے سبب فعال کیسز کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔ اسی مدت کے دوران 8،706 افراد کورونا سے شفیاب ہوئے ہیں جس سے صحت مند افراد کی تعداد 221944 ہوگئی ہے،جس سے فعال کیسز کی تعداد 147896 ہوگئی اور 227 افراد کی موت کے ساتھ ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 13883 ہوگئی۔ ملک میں اب تک سب سے زیادہ فعال کیسز اسی ریاست میں ہیں۔
تامل ناڈو میں فعال کیسز کی تعداد 1193 اضافے سے مجموعی تعداد 54896 ہوگئی اور 77 افراد کی موت کے ساتھ ہلاک شدگان کی مجموعی 3571 ۔ اسی مدت کے دوران ، صحت مند مریضوں کی تعداد بڑھ کر 162249 ہوگئی جبکہ 5،723 افراد کورونا سے شفایاب ہوئے ہیں۔
ہندوستان کی جنوبی ریاست کرناٹک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا مریضوں کی تعداد میں3،402 کا اضافہ ہونے کے بعد اب یہاں مجموعی 61،827 فعال کیسز ہیں اور اموات کی تعداد 75 سے بڑھ کر 1953 ہوچکی ہے۔ ریاست میں کل 37،685 افرادجان لیوا وبا سے شفایاب ہوئے ہیں۔ آندھرا پردیش میں 51701 ایکٹیو کیسز ہیں اور 1090 افراد ہلاک ہوچکے ہیں،جبکہ 49،558 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔
آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں 26،204 فعال کیسز ہیں اور 1،456 افراد اس وبا سے ہلاک چکے ہیں جبکہ 42،833 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔ ملک کی مشرقی ریاست مغربی بنگال کورونا وائرس متاثرین کے معاملہ میں چھٹے نمبر پر ہے۔ اس ریاست میں کورونا وائرس کے 19،502 فعال کیسز ہیں جبکہ جان لیوا وبا سے یہاں 1،411 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور اب تک 39917 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔
ریاست تلنگانہ میں کورونا کے 13753 فعال کیسز ہیں اور 480 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ اس وبا سے 42،909 افرادشفایاب ہوئے ہیں۔ مریضوں کے بڑھتے معاملہ میں اس کے بعد بہار کا نمبر ہے جہاں ایکٹیو کیسز 13،461 اور253 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ریاست میں 27،530 افراد شفایاب ہوئے ہیں ۔ گجرات میں 13،146 فعال کیسز ہیں اور 2،348 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ریاست میں 41،380 افراد اس جان لیوا وبا سے شفایاب ہوئے ہیں۔
قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا وبا کی حالت کافی حد تک قابو میں آگئی ہے اور مریضوں کی تعداد دن بدن کم ہوتی جارہی جار ہی ہے ۔ دارالحکومت میں ایکٹیو کیسز 10،994 رہ گئے ہیں۔ وبا کی وجہ سے اموات کی تعداد بڑھ کر 3،853 ہوگئی ہے اور اب تک 1،16،372 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔
کورونا کی وبا سے اب تک مدھیہ پردیش میں 820 ، جموں و کشمیر میں 321 ، پنجاب میں 318 ، اڈیشہ میں 147 ، جھارکھنڈ میں 89 ، آسام میں 86 ، اتراکھنڈ میں 66 ، کیرالہ میں 63 ، چھتیس گڑھ میں 44،پڈوچری میں 43 ، گوا میں 36، تری پورہ میں 17 ، چنڈی گڑھ اور ہماچل پردیش میں 14،14 ، میگھالیہ اور ناگالینڈ میں پانچ پانچ ، لداخ میں چار ، اروناچل پردیش میں تین اور دادرا نگر حویلی اور دمن دیو میں دو دو افراد ہلاک ہوچکےہیں۔